ایران کو کوئی رقم نہیں دی، غلط معلومات پھیلائی گئیں تو مذاکرات معطل کردیں گے: صدر ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے امریکا کو آگاہ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں سے کسی قسم کا ٹول یا اضافی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ معلومات غلط ثابت ہوئیں تو مذاکرات فوری طور پر ختم کر دیے جائیں گے۔

بدھ کے روز اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ بعض میڈیا رپورٹس کے برعکس ایران نے امریکا کو بتایا ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں سے کسی قسم کا ٹول، انشورنس لاگت یا کوئی اور اضافی چارج نہ طلب کیا جا رہا ہے اور نہ ہی وصول کیا جا رہا ہے۔

![ . ]()

صدر ٹرمپ نے کہا کہ اگر یہ معلومات غلط ثابت ہوئیں تو مذاکرات فوری طور پر ختم کر دیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکا نے ایران کو کوئی رقم ادا نہیں کی اور نہ ہی ایران کے فنڈز میں سے کوئی رقم جاری کی گئی ہے۔

امریکی صدر کے مطابق امریکا ایران کی ایسی رقوم میں سے، جو امریکی کنٹرول میں ہیں، کچھ رقم امریکی کسانوں اور مویشی پال حضرات سے مکئی، گندم، سویابین اور دیگر زرعی اجناس کی خریداری کے لیے استعمال کرے گا۔

انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ایران کو خوراک کی اشد ضرورت ہے اور امریکا ان کے لیے خوراک کی خریداری صرف امریکی زرعی مصنوعات کے ذریعے کرے گا۔ بیان کے اختتام پر امریکی صدر نے اس معاملے پر توجہ دینے پر شکریہ بھی ادا کیا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles