
انٹرنیشنل کرکٹ کو الوداع کہنے والے بھارت کے سابق ٹیسٹ وکٹ کیپر کے ایس بھرت نے متحدہ عرب امارات کے مقامی کرکٹ ڈھانچے میں اپنی نئی اننگز کا آغاز کر دیا ہے۔ چند روز قبل ہی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے اس کھلاڑی کو یو اے ای کے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کی ٹیم ”اسٹالینز“ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
کے ایس بھرت نے سال 2023 سے 2024 کے دوران بھارتی ٹیم کی جانب سے 7 ٹیسٹ میچوں میں نمائندگی کی تھی، جہاں انہوں نے بنیادی طور پر اسٹار وکٹ کیپر رشبھ پنت کی غیر موجودگی میں ٹیم میں جگہ بنائی۔
انہوں نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں تقریباً 20 کی اوسط سے مجموعی طور پر 221 رنز اسکور کیے، جس میں ان کا بہترین انفرادی اسکور 44 رنز رہا۔ فروری 2024 کے بعد وہ دوبارہ بھارتی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔
ریٹائرمنٹ کے وقت اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کے ایس بھرت کا کہنا تھا کہ بھارت کی جرسی پہننا ان کی زندگی کا سب سے شاندار تجربہ تھا۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ یہ سفر اتار چڑھاؤ سے بھرپور اور مشکل ضرور تھا، لیکن اس کا ایک ایک لمحہ ان کے لیے انتہائی قیمتی اور یادگار ہے۔
بین الاقوامی کرکٹ چھوڑنے کے فوراً بعد اب وہ یو اے ای میں منعقد ہونے والی ”ٹو ڈے چیمپئن شپ“ میں شامل کرلیا گیا ہے، جہاں وہ اسٹالینز کی طرف سے بطور وکٹ کیپر اپنی خدمات سرانجام دیں گے۔ اس خاص ٹورنامنٹ کا بنیادی مقصد خطے کے باصلاحیت کھلاڑیوں کی طویل فارمیٹ کی صلاحیتوں اور ان کی کھیل کے بارے میں سوچ کو مزید نکھارنا ہے۔
اس چیمپئن شپ کا ہر میچ دو دن پر محیط ہوگا، جس میں روزانہ 80 اوورز کا کھیل کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ میں پوائنٹس کا نظام کچھ اس طرح رکھا گیا ہے کہ میچ جیتنے، اننگز کی برتری حاصل کرنے یا تمام 10 وکٹیں حاصل کرنے پر ٹیموں کو پوائنٹس دیے جائیں گے۔
یہ ٹورنامنٹ 19 جون سے شروع ہو چکا ہے، جس میں فائنل سمیت کل 7 میچز کھیلے جائیں گے اور اس کا اختتام 4 جولائی کو ہوگا۔