
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کے روز اسرائیل کے بیروت پر حملوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کو یہ حملہ نہیں کرنا چاہیے تھا۔ انہوں نے تمام اسرائیل اور حزب اللہ، دونوں سے ایک دوسرے پر حملے فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر بیان میں کہا کہ ہم مشرقِ وسطیٰ اور بالخصوص لبنان میں قیامِ امن کے لیے اہم معاہدے کے قریب پہنچ چکے ہیں، جسے اس وقت متاثر نہیں ہونا چاہیے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے تفصیلی بیان میں کہا کہ اگرچہ اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے لیکن اس نے جس حملے کے ردعمل میں کارروائی کی وہ انتہائی معمولی اور بے معنی تھا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس حملے میں چوں کہ کوئی زخمی یا ہلاکت نہیں ہوئی، لہٰذا اس کے نتیجے میں مذاکراتی عمل میں خلل نہیں پڑنا چاہیے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان ایک امن معاہدہ طے پانے کے قریب ہے جو لبنان سمیت پورے خطے میں امن لائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام فریقین کو ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جو امن کی کوششوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔