
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے بائیکاٹ کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو اور پیپلز پارٹی کے سینئر اراکین اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں مینڈیٹ چوری کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہو سکتا کہ ایک طرف مینڈیٹ چوری ہو اور وہ دوسری طرف تالیاں بجاتے رہیں۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی جانب سے بجٹ اجلاس کا مکمل بائیکاٹ نہیں کیا جائے گا تاہم قومی اسمبلی کے اجلاس میں پارٹی کے چند اراکین نمائندگی کریں گے جب کہ بلاول بھٹو زرداری اور دیگر سینئر رہنما اجلاس سے دور رہیں گے۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے یہ فیصلہ گلگت بلتستان سے متعلق تحفظات کے تناظر میں کیا گیا ہے۔
دوسری جانب پیپلزپارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے بجٹ اجلاس کے بائیکاٹ کا فیصلہ نہیں کیا، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بجٹ اجلاس میں شریک نہیں ہوں گے، کچھ اراکین شریک ہوں گے، قومی مفاد کے تحت پی پی پی بجٹ پراسس کا حصہ ہوگی۔