راولپنڈی اور اسلام آباد میں بارش کے ساتھ خیبرپختونخوا میں ژالہ باری کا امکان


دن بھر شدید گرمی کے بعد جڑواں شہروں سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور گردونواح میں آئندہ گھنٹوں کے دوران بارش متوقع ہے، جس سے موسم میں خوشگوار تبدیلی آنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ دن بھر کی شدید گرمی کے بعد اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور اطراف کے علاقوں میں بارش ہوسکتی ہے۔
دوسری جانب کرک شہر اور اس کے مضافاتی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد درجہ حرارت میں کمی آئی اور موسم خوشگوار ہوگیا۔

اُدھر خیبرپختونخوا میں آج سے طوفانی بارشوں اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس پر پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ محکمہ کے مطابق مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن کے بالائی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
اسی طرح چترال، دیر، سوات اور ایبٹ آباد میں بھی شدید بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ لینڈ سلائیڈنگ اور فلیش فلڈنگ کے خطرات بھی موجود ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ پشاور، مردان، نوشہرہ، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت دیگر اضلاع میں آندھی اور بارش کا امکان ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles