
لبنان کے آرمی چیف لیفٹیننٹ جنرل روڈولف ہائیکل پاکستان کے دورے پر روانہ ہو گئے ہیں۔ وہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کریں گے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس اہم دورے کا براہِ راست تعلق مشرقِ وسطیٰ میں قیامِ امن کے لیے جاری اُن مذاکرات سے ہے جس میں پاکستان ایک کلیدی ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے۔
لبنانی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل روڈولف ہائیکل ہفتے کے روز پاکستان کے لیے روانہ ہوئے، جہاں وہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کریں گے۔
بیان کے مطابق یہ دورہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی دعوت پر کیا جا رہا ہے، تاہم اس ملاقات کے ایجنڈے کے حوالے سے تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
اے ایف پی کے مطابق لبنانی آرمی چیف کا دورہ پاکستان ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات کے تناظر میں اہم ہے کیوں کہ لبنان اِن مذاکرات میں ایک اہم فریق کی حیثیت رکھتا ہے اور ایران بھی لبنان سے متعلق معاملات کو ممکنہ معاہدے کا حصہ بنانا چاہتا ہے۔
اسی ہفتے واشنگٹن میں لبنانی اور اسرائیلی نمائندوں کی جانب سے ایک نئی مشروط جنگ بندی کی تجویز بھی سامنے آئی ہے۔ مجوزہ معاہدے کے تحت حزب اللہ کو اسرائیل پر حملے روکنا ہوں گے اور سرحدی علاقوں سے پیچھے ہٹنا ہوگا، جب کہ لبنانی فوج کو مخصوص علاقوں کا کنٹرول دینے کی بھی تجویز سامنے آئی ہے۔ تاہم حزب اللہ نے اس تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کسی بھی معاہدے سے قبل اسرائیل کا لبنانی سرزمین سے مکمل انخلا کا مطالبہ کیا ہے۔
ہفتے کی شب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی فیلڈ مارشل عاصم منیر کا خصوصی پیغام لے کر تہران پہنچ گئے ہیں، جہاں رپورٹس کے مطابق ان کی ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای سے بھی ملاقات متوقع ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق محسن نقوی فیلڈ مارشل عاصم منیر کا اہم پیغام ایرانی قیادت تک پہنچائیں گے۔