
پنجاب کے مختلف شہروں میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاعات پر 58 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرتے ہوئے 13 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق لاہور، ساہیوال، ملتان، جہلم، منڈی بہاؤالدین، جھنگ، چنیوٹ اور میانوالی سمیت مختلف شہروں میں کارروائیاں کی گئیں۔
لاہور سے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خطرناک دہشت گرد مختار کو گرفتار کیا گیا، جس کا تعلق علاقہ غیر سے بتایا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق گرفتار دہشت گردوں سے آئی ای ڈی بم، 4 ڈیٹونیٹر، 8 حفاظتی فیوز وائرز، 15 فٹ تار، ممنوعہ اسٹیکرز، کتابیں اور نقدی برآمد ہوئی۔
گرفتار افراد کی شناخت مختار احمد، یونس، فیروز خان، ولی، اویس، فرمان، مومن، عدنان، راجہ فیصل، رضا خان، غلام شبیر، راؤ ساجد اور مختار شاہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دفاتر کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ تمام ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ رواں ہفتے کے دوران صوبہ بھر میں 1487 کومبنگ آپریشنز بھی کیے گئے، جن میں 53 ہزار 335 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی جبکہ 168 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔
سی ٹی ڈی ترجمان کا کہنا ہے کہ ادارہ ’’محفوظ پنجاب‘‘ کے ہدف پر عمل پیرا ہے اور دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہے۔