
مصر نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے اپنے 27 رکنی ابتدائی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جس کی قیادت اسٹار فٹبالر محمد صلاح کریں گے، جو اس ممکنہ آخری ورلڈکپ میں نئے ریکارڈز بنانے اور مصر کو فتح دلوانے کے لیے پُرعزم ہیں۔
مصر کے ہیڈ کوچ حسام حسن نے ورلڈ کپ کے لیے ابتدائی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ فٹبال کا یہ عالمی ایونٹ 11 جون سے 19 جولائی تک امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں کھیلا جائے گا۔
مصری نے ورلڈکپ اسکواڈ میں جہاں ایک جانب تجربہ کار کھلاڑیوں کو شامل کیا ہے وہیں نوجوان ٹیلنٹ کو بھی موقع دیا گیا ہے، تاہم فرانسیسی کلب نانٹس کے فارورڈ مصطفیٰ محمد کو غیر متوقع طور پر اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا ہے۔
27 رکنی ابتدائی اسکواڈ میں نوجوان کھلاڑی حمزہ عبدالکریم کو پہلی مرتبہ شامل کیا گیا ہے، وہ اس وقت فرانسیسی کلب بارسلونا کے انڈر 19 اسکواڈ کا حصہ ہیں اور حالیہ عرصے میں شاندار فارم کی وجہ سے مصر کے ابھرتے ہوئے فارورڈز میں شمار کیے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب مصطفیٰ محمد کی عدم شمولیت کو بھی حیران کن قرار دیا جا رہا ہے۔ اگرچہ وہ اس سیزن میں اپنے کلب ’نینٹس‘ کے لیے 24 میچوں میں صرف چار گول کر سکے اور ٹیم فرانسیسی لیگ سے بھی باہر ہو گئی، تاہم ان کا تجربہ مصر کے لیے اہم سمجھا جاتا تھا۔
محمد صلاح کی بات کی جائے تو وہ اس ورلڈ کپ میں کئی بڑے ریکارڈز بنانے کے قریب ہیں۔ اس ورلڈ کپ کو انکے بین الاقوامی کیریئر کے آخری بڑے ایونٹ کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔
محمد صلاح اب تک مصر کے لیے 67 گول اسکور کر چکے ہیں۔ انہیں اپنے موجودہ ہیڈ کوچ حسام حسن کے 69 گول کا ریکارڈ توڑ کر مصر کی تاریخ کا ٹاپ گول اسکورر بننے کے لیے صرف 3 مزید گول درکار ہیں۔
محمد صلاح نے حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ وہ 2025-26 سیزن کے بعد لیورپول فٹبال کلب بھی چھوڑ دیں گے۔ اپنے 9 سالہ شاندار پریمیئر لیگ کیریئر کے اختتام پر انہوں نے ایک ہی کلب کے لیے سب سے زیادہ گولز اور اسسٹس کا انگلش فٹبالر وین رونی کا ریکارڈ توڑ دیا ہے اور وہ 257 گولز کے حیرت انگیز ریکارڈ کے ساتھ ’اینفیلڈ‘ کو الوداع کہہ رہے ہیں۔
محمد صلاح افریقی کوالیفائرز کی تاریخ میں بھی سب سے زیادہ (20) گول کرنے والے کھلاڑی ہیں۔ وہ 2026 کی کوالیفائنگ مہم میں بھی 9 گولز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے اور مصر کو ناقابلِ شکست رہتے ہوئے ورلڈ کپ تک پہنچایا۔
واضح رہے کہ مصر نے فٹبال ورلڈ کپ کی تاریخ میں آج تک کوئی میچ نہیں جیتا ہے۔ محمد صلاح کا سب سے بڑا ہدف ’گروپ جی‘ میں مصر کو ورلڈ کپ کی پہلی تاریخی فتح دلوانا اور ٹیم کو ناک آؤٹ مرحلے تک پہنچانا ہے۔
ورلڈ کپ مہم کے باقاعدہ آغاز سے قبل مصری ٹیم 6 جون کو کلیولینڈ میں برازیل کے خلاف ایک دوستانہ میچ کھیلے گی۔ اس کے بعد ورلڈ کپ کے ’گروپ جی‘ میں مصر کا مقابلہ 15 جون کو بیلجیم، 21 جون کو نیوزی لینڈ اور 26 جون کو ایران سے ہوگا۔ کپتان محمد صلاح، مانچسٹر سٹی کے فارورڈ عمر مرموش کے ساتھ مل کر ٹیم کی فارورڈ لائن بھی سنبھالیں گے۔