امریکی تحویل سے رہا ہونے والے 20 ایرانی ملاح اپنے وطن ایران پہنچ گئے

امریکی تحویل سے رہا ہونے والے 20 ایرانی ملاح وطن واپس پہنچ گئے ہیں جس کی تصدیق پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر کی ہے۔

ایرانی سفیر رضا امیری مقدم کے مطابق امریکی حکام کی جانب سے سنگاپور کے قریب قبضے میں لیے گئے ایرانی جہاز کے 20 ملاحوں کو رہائی کے بعد پہلے سنگاپور سے اسلام آباد منتقل کیا گیا، جہاں ضروری انتظامات مکمل کیے گئے۔

بعد ازاں ایرانی ملاح چند گھنٹے قبل بحفاظت ایران پہنچ گئے۔

ایرانی سفیر نے ملاحوں کی رہائی اور ان کی محفوظ واپسی میں کردار ادا کرنے پر پاکستانی قیادت کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستانی حکام کے تعاون کے شکر گزار ہیں، جنہوں نے اس معاملے میں مثبت اور مؤثر کردار ادا کیا۔

رضا امیری مقدم کا کہنا تھا کہ امریکا نے سنگاپور کے قریب ایرانی جہاز کو اپنی تحویل میں لیا تھا، جس کے بعد ملاحوں کی رہائی کے لیے سفارتی سطح پر کوششیں جاری رہیں۔

انہوں نے اس پیش رفت کو انسانی ہمدردی اور علاقائی تعاون کی ایک اہم مثال قرار دیا۔

واضح رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ کشیدگی کے تناظر میں یہ معاملہ خاص اہمیت اختیار کر گیا تھا، جبکہ ایرانی ملاحوں کی رہائی اور وطن واپسی کو تہران میں ایک اہم سفارتی کامیابی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles