سعودی عرب کا ایران کو معاہدے کے لیے مزید وقت دینے پر صدر ٹرمپ کے فیصلے کا خیرمقدم

سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور ممکنہ جنگ روکنے کے لیے پاکستان کی ثالثی کوششوں کو سراہتے ہوئے اسے قابلِ تعریف قرار دیا ہے۔ انہوں نے ایران پر بھی زور دیا ہے کہ وہ مذاکرات کے موقع سے فائدہ اٹھائے۔

سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے خطے میں جنگ رکوانے اور کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کی جانب سے جاری ثالثی کوششوں کو سراہتے ہوئے ان کی بھرپور تعریف کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سعودی عرب حالیہ سفارتی اور ثالثی کوششوں پر پاکستان کا انتہائی معترف ہے اور ان اقدامات کو خطے میں استحکام کے لیے اہم سمجھتا ہے۔

فیصل بن فرحان کے مطابق سفارت کاری کو موقع دینا ہی موجودہ صورتِ حال میں آگے بڑھنے کا بہترین راستہ ہے اور مذاکرات کے ذریعے ایک ایسا قابلِ قبول معاہدہ ممکن ہے جو خطے میں دیرپا امن کی ضمانت دے سکے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب توقع رکھتا ہے کہ ایران بھی اس موقع سے فائدہ اٹھائے گا اور مذاکراتی عمل پر جلد مثبت ردعمل دے گا تاکہ کشیدگی میں کمی لائی جا سکے۔

سعودی وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ انہیں امید ہے کہ ایسا معاہدہ طے پائے گا جو خطے میں مستقل امن کے قیام میں مددگار ثابت ہوگا۔

انہوں نے امریکی صدر کی جانب سے ایران کو معاہدے تک پہنچنے کے لیے مزید وقت دینے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے سفارتی کوششوں کے لیے مثبت قدم قرار دیا۔

فیصل بن فرحان نے کہا کہ مذاکرات میں توسیع آبنائے ہرمز میں شپنگ سیکیورٹی کی بحالی میں بھی معاون ثابت ہو سکتی ہے اور خطے کو مزید کشیدگی سے بچانے کے لیے فوری سفارتی پیش رفت ضروری ہے۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری تنازع کے حل کے لیے پاکستان کی مسلسل ثالثی کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles