شوبز انڈسٹری کا دوہرا معیار؛ امر خان نے خاموشی توڑ دی
ڈراموں میں 50 سال کے مرد بھی جین زی نوجوانوں کے کردار ادا کر رہے ہیں، اداکارہ
پاکستان کی معروف اداکارہ امر خان نے شوبز انڈسٹری کے دوہرے معیار پر خاموشی توڑ دی ہے۔
امر خان نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ڈراموں میں 50 سال کے مرد بھی جین زی نوجوانوں کے کردار ادا کرتے نظر آتے ہیں لیکن اس پر کوئی سوال نہیں اٹھایا جاتا۔
انہوں نے کہا کہ خواتین اداکاراؤں کے لیے مضبوط اور مرکزی کردار کم لکھے جارہے ہیں اور چند سال کام کرنے کے بعد انہیں عمر رسیدہ کرداروں تک محدود کر دیا جاتا ہے۔
اداکارہ نے صنفی امتیاز کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ انڈسٹری میں مرد اداکار عمر بڑھنے کے باوجود نوجوان کردار ادا کرتے رہتے ہیں جبکہ خواتین کے ساتھ ایسا نہیں ہوتا۔
انہوں نے ہالی ووڈ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ میریل اسٹریپ اور این ہیتھ وے جیسی اداکارائیں مختلف عمروں میں بھی اہم اور مرکزی کرداروں میں نظر آتی ہیں جبکہ پاکستانی انڈسٹری میں خواتین کو عمر بڑھنے کے ساتھ نظر انداز کردیا جاتا ہے۔