ایران کی نوبل انعام یافتہ نرگس محمدی کی ضمانت منظور، اسپتال منتقل

ایران کی نوبل امن انعام یافتہ نرگس محمدی کو ضمانت مل گئی، انہیں تہران کے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹس کے مطابق اسپتال میں نرگس محمدی کی اپنی میڈیکل ٹیم ان کا علاج کرے گی۔ پچھلے ہفتے نرگس محمدی کو سینے، کمر اور بازوؤں میں شدید درد کی شکایت رہی تھی۔

2023 کی نوبل امن انعام یافتہ نرگس محمدی کو ایرانی حکام نے صحت کی خرابی کے باعث ضمانت پر رہا کر دیا ہے۔

ان کے حامیوں کے مطابق نرگس محمدی کو شمالی ایران کے شہر زنجان میں جیل میں سزا کاٹتے ہوئے طبیعت بگڑنے پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ 10 روز زیرِ علاج رہیں۔

بعد ازاں انہیں ’’ہیوی بیل‘‘ پر سزا معطل کرتے ہوئے تہران منتقل کیا گیا، جہاں وہ اپنی طبی ٹیم کی نگرانی میں علاج کروا رہی ہیں۔

ان کے فاؤنڈیشن کے مطابق نرگس محمدی کو خصوصی طبی نگہداشت کی ضرورت ہے اور اس بات پر زور دیا جا رہا ہے کہ انہیں دوبارہ جیل واپس نہ بھیجا جائے، جہاں ان کی صحت مزید متاثر ہو سکتی ہے۔

ان کے شوہر، جو پیرس میں مقیم ہیں، نے بیان میں کہا ہے کہ ان کی زندگی خطرے میں ہے اور ان کی موجودہ حالت انتہائی تشویشناک ہے۔

رپورٹس کے مطابق نرگس محمدی کو گزشتہ عرصے میں دل کے ممکنہ دو دورے بھی پڑے تھے، جبکہ جیل میں ان کی صحت مسلسل بگڑتی رہی۔

نرگس محمدی ایران میں انسانی حقوق، خواتین کے حقوق اور سزائے موت کے خلاف آواز بلند کرنے کے باعث طویل عرصے سے زیرِ حراست یا قید رہ چکی ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles