آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے دوران جنوبی کوریا کے جہاز میں آگ لگ گئی

جنوی کوریا کی وزرت خارجہ کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز میں جنوبی کوریا کے کارگو بحری جہازمیں آگ لگنے کی اطلاع ملی ہے، جہاز پر دھماکا بھی سنا گیا، حکام کے مطابق نقصانات اور صورتِ حال کی تفصیلات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے ’سی این این‘ کے مطابق آبنائے ہرمز میں ایک جنوبی کوریا سے منسلک بحری جہاز میں دھماکے اور آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کی تصدیق جنوبی کوریا کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کی ہے۔

رپورٹس کے مطابق یہ جہاز پاناما کے پرچم کے تحت رجسٹرڈ تھا اور اس میں 24 عملے کے ارکان سوار تھے، جن میں 6 جنوبی کوریائی شہری بھی شامل تھے۔ جہاز دھماکے سے قبل متحدہ عرب امارات کے قریب آبنائے ہرمز کے علاقے میں لنگر انداز تھا۔

وزارت خارجہ کے مطابق اس واقعے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم دھماکے اور آگ لگنے کی اصل وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی۔ حکام نے کہا ہے کہ نقصانات اور صورتِ حال کی تفصیلات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

جنوبی کوریا کی حکومت نے کہا ہے کہ وہ متعلقہ ممالک کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور آبنائے ہرمز میں اپنے بحری جہازوں اور عملے کی حفاظت کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

رپورٹس کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے آغاز کے بعد سے جنوبی کوریا سے متعلق تقریباً 26 بحری جہاز اس اہم آبی گزرگاہ میں پھنسے ہوئے ہیں، جس سے عالمی شپنگ اور تجارتی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔

ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز میں ایسے واقعات خطے میں پہلے سے موجود کشیدگی کو مزید بڑھا سکتے ہیں اور عالمی توانائی کی ترسیل پر بھی اثر انداز ہو سکتے ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles