دنانیر مبین نے فلم ’میرا لیاری‘ کا موازنہ کرنے والوں کو کیا جواب دیا؟

دنانیر مبین نے فلم ’میرا لیاری‘ کا موازنہ کرنے والوں کو کیا جواب دیا؟

’’میرا لیاری‘‘ ایک منفرد خیال پر مبنی ہے، اداکارہ

پاکستان کی معروف اداکارہ دنانیر مبین نے اپنی آنے والی فلم ’میرا لیاری‘ کا کسی بھی دوسری فلم سے موازنہ کرنے کو ناانصافی قرار دے دیا ہے۔

یہ فلم یو کے ایشین فلم فیسٹیول 2026 کے لیے منتخب کی گئی جہاں اس کا پریمیئر 2 مئی کو ہوا جبکہ پاکستان بھر کے سنیما گھروں میں اسے 8 مئی 2026 کو ریلیز کیا جائے گا۔

فلم کی کہانی لیاری کی حقیقی زندگی کی عکاسی کرتی ہے اور خاص طور پر وہاں کے نوجوان ٹیلنٹ کو اجاگر کرتی ہے۔

برطانیہ میں فلم کی تشہیر کے دوران دنانیر مبین نے اس کا موازنہ ایک بھارتی فلم سے کیے جانے پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی فلم کے ساتھ اس کا تقابل کرنا درست نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’’میرا لیاری‘‘ ایک منفرد خیال پر مبنی ہے جس میں کھیل، جنوبی ایشیائی خواتین کی اسپورٹس میں شمولیت اور لیاری میں خواتین فٹبال کلچر جیسے موضوعات کو نمایاں کیا گیا ہے۔

اداکارہ نے زور دیا کہ اس فلم کو کسی اور پراجیکٹ کے تناظر میں نہیں بلکہ اپنی انفرادیت کے ساتھ دیکھا جانا چاہیے اور ٹیم کی محنت کو سراہنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ فلم لیاری کا مثبت اور خوبصورت پہلو سامنے لاتی ہے اس لیے شائقین کو چاہیے کہ اسے ضرور دیکھیں اور سپورٹ کریں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles