
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)نے خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں گلیشیئر جھیل پھٹنے کے خطرے کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا نے خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں ممکنہ موسمی خطرات کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ محکمہ کے مطابق درجہ حرارت میں اچانک اضافے اور آئندہ بارشوں کے باعث گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے اور فلیش فلڈ کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق 3 مئی کو بارشوں اور آندھی کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ بالائی علاقوں میں مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ داخل ہونے کا امکان ہے۔ اس صورتحال کے باعث چترال، دیر، سوات اور کوہستان میں موسلادھار بارشوں کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
الرٹ میں کہا گیا ہے کہ گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے سے اچانک سیلابی صورتحال (فلیش فلڈ) پیدا ہو سکتی ہے، جس سے نشیبی علاقوں کو خطرات لاحق ہیں۔ ندی نالوں میں طغیانی اور تیز بہاؤ کے باعث گاڑیوں کے بہنے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہنگامی اقدامات کریں، پیشگی تیاری یقینی بنائیں اور حساس علاقوں میں نگرانی بڑھائی جائے۔ ادارے نے ریسکیو اہلکاروں اور متعلقہ اداروں کو مشینری کی دستیابی بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ بروقت وارننگ سسٹم فعال رکھا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل دیا جا سکے۔ پی ڈی ایم اے نے عوام کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ خطرناک علاقوں کا سفر مؤخر کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔