
ھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے جابل پور میں برگھی ڈیم کے قریب سیاحتی کشتی حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق جبکہ 4 تاحال لاپتا ہیں۔
بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں سیاحوں کو لے جانے والی کروز کشتی ڈوب گئی۔ یہ حادثہ ضلع جبل پور کے قریب برگی ڈیم میں پیش آیا۔
حکام کے مطابق کشتی کھمریہ جزیرہ کے قریب اچانک آنے والے طوفان کے باعث توازن کھو بیٹھی اور تیز لہروں میں ڈوب گئی۔ کشتی میں مجموعی طور پر 29 سیاح سوار تھے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ 15 سیاح اپنی مدد آپ کے تحت تیر کر محفوظ مقام تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے، جبکہ اب تک 9 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جن میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔ مزید 10 افراد تاحال لاپتہ ہیں جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے وقت تیز ہوائیں چل رہی تھیں اور موسم اچانک خراب ہو گیا تھا، جس کے باعث کشتی کا توازن بگڑ گیا اور وہ ڈوب گئی۔
واقعے کے بعد اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ اندھیرا اور پانی کی گہرائی کے باعث ریسکیو کارروائیاں مشکلات کا شکار ہیں تاہم سرچ لائٹس کی مدد سے تلاش جاری ہے۔
ضلعی کلکٹر راگھویندر سنگھ اور سپرنٹنڈنٹ پولیس سمپت اپادھیائے بھی موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔
زخمیوں کو جبل پور میڈیکل کالج منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
کشتی کے کپتان مہیش پٹیل لائف جیکٹ پہننے کے باعث محفوظ رہے اور انہیں بچا لیا گیا۔
مقامی رکن اسمبلی اور وزیر راکیش سنگھ نے کہا ہے کہ ریسکیو آپریشن اولین ترجیح ہے، جبکہ اگر کروز کمپنی کی غفلت ثابت ہوئی تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔