
وزیرِاعظم شہباز شریف نے معاشی صورت حال کے پیش نظر موٹر سائیکل سواروں، پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کے لیے گزشتہ ماہ دی گئی سبسڈی میں ایک ماہ کی مزید توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسری طرف وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی موٹرسائیکل مالکان کے لیے ٹارگٹڈ فیول سبسڈی میں توسیع کردی ہے۔
جمعرات کو وزیراعظم نے حالیہ صورت حال کے پیش نظر معاشی طور پر کمزور طبقے کو ریلیف کی فراہمی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے موٹرسائیکل سواروں، پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کے لیے گزشتہ ماہ دی جانے والی فیول سبسڈی میں ایک ماہ کی توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق شہباز شریف نے سفری کرایوں اور مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں اضافے کو روکنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوامی ریلیف کے اقدامات کی مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے تاکہ اس کے ثمرات براہِ راست مستحق افراد تک پہنچ سکیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت نے صوبائی حکومتوں کے تعاون سے مشکل حالات میں عام آدمی کے لیے اربوں روپے کا قومی ریلیف پیکیج فراہم کیا، ان حالات میں جس قدرممکن ہوسکا عوام کو ریلیف فراہم کرتے رہیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح رہے گی اور کسی بھی صورت عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ دعا گو ہیں کہ خطے کی صورت حال میں جلد بہتری آئے تاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام آسکے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم شہبازشریف نے موٹر سائیکل سواروں کو ہر ماہ 20 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر سبسڈی دینے کا اعلان کیا تھا۔
موٹرسائیکل مالکان کے لیے ٹارگٹڈ فیول سبسڈی میں توسیع
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی کم آمدن کے حامل طبقے کے لیے تاریخی اعلان کرتے ہوئے موٹرسائیکل مالکان کے لیے ٹارگٹڈ فیول سبسڈی میں توسیع کردی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ موٹرسائیکل فیول سبسڈی کی مدت آج ختم ہو رہی ہے لیکن موٹر سائیکل مالکان کو دی جانے والی سبسڈی جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل مالکان حکومت سندھ کی سبسڈی کا مزید فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے حالیہ ایران-امریکا جنگ کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورت حال کے پیش نظر پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں کے باعث فی موٹر سائیکل 2 ہزار روپے سبسڈی دی تھی۔
پیٹرولیم قیمتوں میں اضافہ، پیٹرول پمپس پر گاڑیوں کی طویل قطاریں
ادھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آج ممکنہ اضافہ متوقع ہے، جس کے باعث ملک بھر کی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موجود پیٹرول پمپس پر بھی گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کے بارے میں آج رات 12 بجے ردوبدل متوقع ہے اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں اضافے کے پیش نظر خدشہ ہے کہ پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ متوقع ہے۔
شہریوں نے پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کے پیش نظر پیٹرول پمپوں کا رخ کرلیا ہے اور شہر بھر کے پمپوں پر گاڑیوں کی طویل لگ چکی ہیں۔