ماہرہ خان کا چیٹ جی پی ٹی کو ٹیسٹ کرنے کا انوکھا انداز؛ مداحوں کو ہنسادیا
اداکارہ نے بتایا کہ میں نے کیمسٹری کے ایک سادہ سوال کے ذریعے چیٹ بوٹ کو آزمایا
پاکستان کی صفِ اوّل کی اداکارہ ماہرہ خان نے سوشل میڈیا پر ایک دلچسپ اور مزاحیہ واقعہ شیئر کیا ہے جس میں انہوں نے ایک چیٹ بوٹ کے ساتھ اپنی گفتگو کا احوال سنایا۔
انسٹاگرام اسٹوریز میں اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے کیمسٹری کے ایک سادہ سوال کے ذریعے چیٹ بوٹ کو آزمایا تاہم ابتدا میں درست جواب نہ ملنے پر بعد ازاں چیٹ بوٹ نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے جواب درست کر لیا اور سلفر ڈائی آکسائیڈ کو صحیح قرار دیا۔
ماہرہ خان نے اس صورتحال کو ہلکے پھلکے انداز میں بیان کرتے ہوئے مداحوں کو مشورہ دیا کہ وہ ہر معاملے میں چیٹ بوٹس پر مکمل انحصار نہ کریں کیونکہ بعض اوقات یہ سادہ سوالات میں بھی الجھن کا شکار ہو سکتے ہیں۔
مزید اسٹوریز میں انہوں نے کاربن مونو آکسائیڈ سے متعلق سوال بھی کیا جہاں چیٹ بوٹ نے ایک بار پھر معذرت کرتے ہوئے اپنی غلطی درست کی۔
اداکارہ نے “you’re right again” اور “sorry” جیسے جملوں کو نمایاں کر کے اس گفتگو کو مزید دلچسپ بنا دیا۔
آخر میں ماہرہ خان نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ان کے اندر کا ”پڑھاکو“ اور تجسس پسند انسان انہیں بار بار چیٹ بوٹ کو ٹیسٹ کرنے پر مجبور کرتا دیتا ہے۔