امریکا-ایران مذاکرات: صدر ٹرمپ نے وٹکوف اور کشنر کا دورۂ پاکستان منسوخ کر دیا

امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد میں مذاکرات کے ممکنہ دوسرے دور سے قبل اہم سفارتی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عین وقت پر اپنے مذاکراتی وفد کو پاکستان کے دورے سے روک دیا ہے۔

ہفتے کے روز ’فاکس نیوز‘ کی صحافی عائشی حسنی سے گفتگو میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر اب ایران کے ساتھ مذاکرات کے لیے پاکستان نہیں جارہے ہیں۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اس جنگ میں امریکا کا پلڑا بھاری ہے، اس لیے امریکی وفد کا 18 گھنٹے کی طویل مسافت طے کر کے پاکستان جانا سود مند نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران جب چاہے امریکا سے رابطہ کر سکتا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ’ہمارے لوگ روانگی کی تیاری کر رہے تھے، میں نے کچھ دیر قبل انہیں یہ کہہ کہ روک دیا ہے کہ آپ بے مقصد باتوں کے لیے اتنی طویل مسافت کا سفر نہ کریں‘۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ہمارے پاس تمام ’کارڈز‘ موجود ہیں، وہ جب چاہیں ہمیں کال کر سکتے ہیں’۔

واضح رہے کہ وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے تصدیق کی تھی کہ مشرق وسطیٰ کے لیے امریکی خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور صدر ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر مذاکرات کے دوسرے دور کے لیے اسلام آباد جائیں گے۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی ہفتے کے روز اسلام آباد پہنچے تھے۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقاتیں کیں اور واپس روانہ ہوگئے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles