امریکی نمائندے ایران سے مذاکرات کے لیے کل اسلام آباد پہنچیں گے: صدر ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ ان کے نمائندے کل شام اسلام آباد جا رہے ہیں جہاں اہم بات چیت کی جائے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں ایران سے متعلق صورتحال پر گفتگو ہوگی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ٹروتھ سوشل پر پیغام میں لکھا کہ امریکا ایران کو ایک بہترین اور مناسب ڈیل کی پیشکش کر رہا ہے اور انہیں امید ہے کہ تہران اس معاہدے کو قبول کر لے گا۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ یہ پیشکش خطے میں کشیدگی کم کرنے اور ایک ممکنہ سفارتی حل کی طرف پیش رفت کے لیے ہے۔

ٹروتھ سوشل پر جاری کردہ پوسٹ میں انہوں نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر ایران نے یہ معاہدہ قبول نہ کیا تو نتائج سنگین ہوں گے۔

امریکی صدر نے کہا کہ ڈیل نہ ہونے کی صورت میں ایران کے پاور پلانٹس کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ بنیادی ڈھانچے بشمول پلوں کو بھی نقصان پہنچایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر معاہدہ نہ ہوا تو وہ وہی اقدامات کریں گے جو ان کے بقول ضروری ہوں گے۔ ٹرمپ کے ان بیانات کے بعد خطے میں کشیدگی اور سفارتی کوششوں سے متعلق بحث مزید تیز ہو گئی ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles