
امریکی وزیرِ جنگ پیٹ ہیگسیتھ نے ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا ایرانی فوج کی ہر سرگرمی پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور ایران نے معاہدہ نہ کیا تو امریکا حملوں کیلئے تیار ہے۔
واشنگٹن میں جمعرات کو نیوز بریفنگ کے دوران امریکی وزیرِ جنگ پیٹ ہیگسیتھ نے کہا کہ امریکا خطے میں اپنی برتری برقرار رکھے ہوئے ہے۔ امریکا ایرانی فوج کی ہر سرگرمی پر نظر رکھے ہوئے ہے اور ہر قسم کی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔
پیٹ ہیگسیتھ نے کہا کہ ایران کو یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ اسکا امریکا کی عسکری صلاحیتوں کے ساتھ کوئی موازنہ نہیں ہے۔
امریکی وزیرِ جنگ نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کے لیے امریکا صرف اپنی 10 فیصد فوج استعمال کر رہا ہے اور وہ جتنا عرصہ چاہے اس ناکہ بندی کو برقرار رکھ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایران نے آبنائے ہرمز کو کھولنے کے حوالے سے تعاون نہ کیا تو امریکا اس کے ایٹمی انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنانے سے بھی گریز نہیں کرے گا۔
پیٹ ہیگسیتھ نے نیوز کانفرنس کے دوران امریکی میڈیا کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ایران میں اپنے پائلٹس کو بچانے کے لیے دو ناممکن ریسکیو آپریشنز کیے لیکن امریکی میڈیا کو ہماری کامیابیاں نظرنہیں آتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا کو امریکی کامیابیوں پرآنکھیں کھولنا ہوں گی۔