
افغان طالبان کی جانب سے باجوڑ میں پاکستانی سول آبادی پر گولہ باری کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں 2 بچوں سمیت 3 افراد شہید اور 3 شدید زخمی ہوگئے ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی حمایت یافتہ افغان طالبان کی باجوڑ کے سرحدی علاقے کٹ کوٹ کے گاؤں ملک شاہین میں سول آبادی پر بلا اشتعال جارحیت جاری ہے۔ افغان طالبان کی بلا اشتعال گولہ باری کے نتیجے میں ایک ہی گھر سے خاتون اور 2 بچوں سمیت 3 افراد شہید اور 3 شدید زخمی ہوگئے، جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان کچھ روز سے فتنہ الخوارج کی ایک تشکیل کو پاکستان میں داخل کرانے کی کوشش کر رہے تھے تاہم پاک فوج کی بروقت کارروائی کی وجہ سے فتنہ الخوارج کی در اندازی کی کوشش ناکام بنادی گئی ہے۔
سکیورٹی ذرائع نے کہا کہ اس ناکامی سے مایوس افغان طالبان نے آج کٹ کوٹ میں پاکستان کی سول آبادی کو نشانہ بنا ڈالا، پاک فوج نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے افغانستان سے فائر کرنے والی گن پوزیشن کو مکمل تباہ کردیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ پاک فوج کی کارروائی میں باجوڑ سے ملحقہ تمام افغان طالبان پوسٹوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جس سے افغان طالبان کا بھاری جانی نقصان ہوا، باجوڑ کے مکینوں نے اس بزدلانہ کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور علاقے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز ہمہ وقت چوکس اور پرعزم ہیں، افغان طالبان کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانا ان کے مذموم عزائم اور بوکھلاہٹ کا واضح ثبوت ہے۔