
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عندیہ دیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات آئندہ دو دن کے اندر پاکستان میں دوبارہ شروع ہوسکتے ہیں۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی اخبار نیویارک پوسٹ کو دیے گئے انٹرویو میں کہا ہے کہ ایران سے بات چیت کے حوالے سے اہم پیش رفت متوقع ہے اور مذاکرات جلد دوبارہ شروع ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مذاکرات بھی پاکستان میں ہوسکتے ہیں۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران سے بات چیت کے حوالے سے جلد پیش رفت متوقع ہے اور مذاکرات کے دوبارہ آغاز کا امکان موجود ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی اخبار کے صحافی کو متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ کو وہیں رہنا چاہیے کیوں کہ اگلے دو دن میں کچھ ہوسکتا ہے اور ہم اُس (پاکستان) طرف زیادہ مائل ہیں‘۔
انہوں نے پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ شاندار آدمی ہیں، اسی لیے عین ممکن ہے کہ ہم دوبارہ وہاں جائیں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں مذاکرات کے امکانات اس لیے زیادہ ہیں کیوں کہ ’اس معاملے میں فیلڈ مارشل بہترین کام کر رہے ہیں‘۔
یہ پیش رفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب دونوں ممالک کے درمیان تنازع کم کرنے کے لیے عالمی سطح پر کوششیں جاری ہیں، جس میں خاص طور پر پاکستان پیش پیش ہے۔
صدر ٹرمپ کے حالیہ بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے باوجود سفارتی سطح پر رابطے بحال کرنے کی کوششیں اب بھی جاری ہیں اور پاکستان ممکنہ طور پر دوبارہ مذاکرات کے دور اگلے دور کی میزبانی کرسکتا ہے۔