
آبنائے ہرمز کی صورت حال پر چین نے ایران کی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اہم آبی راستہ عالمی برادری کے مشترکہ مفاد میں محفوظ رہنا چاہیے۔
چینی وزیر دفاع ایڈمرل ڈونگ جن نے اپنے بیان میں کہا کہ چین کے ایران کے ساتھ تجارتی اور توانائی کے اہم معاہدے ہیں، اسی لیے خطے کی صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ چینی بحری جہازوں کی آبنائے ہرمز میں آمدورفت معمول کے مطابق جاری ہے۔
ایڈمرل ڈونگ جن کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز ایران کے کنٹرول میں ہے اور یہ راستہ چین کے لیے کھلا ہے، امید ہے کہ دیگر ممالک اس معاملے میں مداخلت سے گریز کریں گے۔
انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ چین دنیا میں امن و استحکام کے قیام کے لیے سنجیدہ کردار ادا کرتا رہے گا۔
چینی حکام کے مطابق مشرق وسطیٰ کی مجموعی صورتحال کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ کشیدگی سے نمٹا جا سکے۔
دوسری جانب امریکا کی جانب سے ممکنہ بحری ناکہ بندی کی دھمکی پر چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام فریقین تحمل اور ضبط کا مظاہرہ کریں۔
ترجمان نے زور دیا کہ آبنائے ہرمز جیسے اہم آبی راستے کو محفوظ رکھنا عالمی برادری کے مشترکہ مفاد میں ہے۔