شوبز انڈسٹری میں فیورٹ ازم؛ اداکارہ نمرہ شاہد نے بڑا انکشاف کردیا
شادی کے بعد تقریباً تین سال کا بریک لیا
پاکستانی ٹی وی اور فلم انڈسٹری کی باصلاحیت اداکارہ نمرہ شاہد نے شوبز انڈسٹری میں فیورٹ ازم اور کاسٹنگ کے بدلتے رجحانات پر کھل کر اظہارِ خیال کیا ہے۔
ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے نمرہ شاہد نے کہا کہ شادی کے بعد میں نے تقریباً تین سال کا بریک لیا تاہم اس دوران میں نے انڈسٹری سے مکمل علیحدگی کا اعلان نہیں کیا تھا اور نہ ہی اس عرصے میں میرے پاس کوئی نیا پروجیکٹ موجود تھا۔
انہوں نے بتایا کہ واپسی پر میں نے محسوس کیا کہ انڈسٹری کے حالات کافی حد تک بدل چکے ہیں اور اب کاسٹنگ کے عمل میں سوشل میڈیا فالوورز کو ایک اہم معیار کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگرچہ وہ اس رجحان سے مکمل طور پر متفق نہیں ہیں لیکن یہ ایک حقیقت بن چکی ہے کہ پروجیکٹس میں سوشل میڈیا اثر و رسوخ کو بھی اہمیت دی جاتی ہے۔
نمرہ شاہد نے کہا کہ شوبز انڈسٹری میں جانبداری اور لابی کا عنصر بھی موجود ہے جس سے فنکاروں کو بار بار نمٹنا پڑتا ہے۔ بعض اوقات نئے آنے والے فنکار بڑے پروجیکٹس کا حصہ بن جاتے ہیں کیونکہ وہ پروموشن اور پی آر میں زیادہ فعال ہوتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ میں نے گزشتہ دس برسوں میں تقریباً 25 سے 30 ڈراموں میں کام کیا ہے تاہم اکثر پروجیکٹس میں مجھے مرکزی پوسٹر یا نمایاں جگہ نہیں دی جاتی، بعض اوقات چینلز کی پالیسی کے باعث فنکاروں کی تصاویر کو پروموشن میں شامل نہیں کیا جاتا۔