نامور شاعر منیر نیازی کی 98واں یوم پیدائش
شاعری میں منیر نیازی کا نام اور مقام ہمیشہ یاد رکھا جائے گا
اردو اور پنجابی کے عظیم شاعر منیر نیازی کی 98 ویں سالگرہ آج منائی جا رہی ہے۔
9 اپریل 1928 کو ضلع ہوشیار پور میں پیدا ہونے والے منیر نیازی قیام پاکستان کے بعد ہجرت کر کے لاہور چلے آئے، انہوں نے اردو شاعری کو نئی جہت سے روشناس کرایا۔
منیر نیازی کے اردو شاعری کے 13، پنجابی کے 3 اور انگریزی کے 2 مجموعے شائع ہوئے، ان کے اردو مجموعوں میں بے وفا کا شہر، تیز ہوا اور تنہا پھول، جنگل میں دھنک، سفید دن کی ہوا اور ماہ منیر نمایاں ہیں۔
منیر نیازی نے جنگل سے وابستہ علامات کو بڑی خوبصورتی کے ساتھ شاعری میں استعمال کیا ان کی شاعری میں ماضی کی دھندلاہٹ میں گم کچھ مناظر اور کھوئے رشتوں کی آہٹیں ہیں جو پڑھنے والے کے دل پر دستک دئیے بغیر نہیں لوٹتیں۔
منفرد اسلوب کے شاعر منیر نیازی کو ادبی خدمات کے اعتراف میں پرائیڈ آف پرفارمنس اور ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیا، ادب کا یہ درخشندہ ستارہ 2006 میں مداحوں سے بچھڑ گیا، مگر شاعری میں ان کا نام اور مقام ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔