جوا ایپ پروموشن کیس؛ رجب بٹ اور ندیم مبارک سے متعلق اہم خبر
عدالت نے عدم پیشی کے باعث کیس کی سماعت ملتوی کردی
لاہور: سیشن کورٹ میں جوا ایپ کی مبینہ غیر قانونی پروموشن سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران یوٹیوبر رجب بٹ سمیت دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت میں 28 اپریل تک توسیع کر دی گئی۔
ایڈیشنل سیشن جج ذوالفقار احمد نے کیس کی سماعت کی جس میں ملزمان رجب بٹ اور ندیم مبارک عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن (این سی سی آئی اے) کے تفتیشی افسر اور پراسیکیوٹر کی عدم دستیابی کے باعث کارروائی آگے نہ بڑھ سکی۔
عدالت نے عدم پیشی کے باعث کیس کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے آئندہ پیشی پر تفتیشی افسر اور پراسیکیوٹر کی بروقت حاضری یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی۔
واضح رہے کہ ملزمان کے خلاف این سی سی آئی اے کی جانب سے مقدمہ درج کیا گیا ہے جس میں جوا ایپ کی غیر قانونی تشہیر کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔