ایران کا قطر کے ساحل پر کھڑے آئل ٹینکر پر کروز میزائلوں سے حملہ، کویت ایئرپورٹ پر دھماکے

قطر کی وزارتِ دفاع نے تصدیق کی ہے کہ ایران کی جانب سے داغے گئے تین کروز میزائلوں نے قطری حدود میں اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔

قطری حکام کے مطابق ان میں سے دو میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا، تاہم ایک میزائل قطر انرجی کے زیرِ استعمال ایک بڑے آئل ٹینکر ’ایکوا ون‘ سے جا ٹکرایا۔

یونائیٹڈ کنگڈم میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (یو کے ایم ٹی او) کے مطابق یہ واقعہ قطر کے راس لفان انڈسٹریل ہب سے 31 کلومیٹر (17 بحری میل) شمال میں پیش آیا۔ یو کے ایم ٹی او کا مزید کہنا ہے کہ بحری جہاز کے بائیں حصے (پورٹ سائیڈ) کو نشانہ بنایا گیا جس سے پانی کی سطح سے اوپر اس کے نچلے بیرونی ڈھانچے (ہل) کو نقصان پہنچا ہے۔

قطری وزارت دفاع کے مطابق، اس حملے میں جہاز کے عملے کے تمام 21 ارکان محفوظ رہے جنہیں بروقت نکال لیا گیا۔

قطر انرجی کے مطابق اس واقعے سے سمندری ماحول کو بھی کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

دوسری جانب کویت سے بھی تشویش ناک اطلاعات موصول ہو رہی ہیں جہاں بین الاقوامی ہوائی اڈے پر موجود ایندھن کے ٹینکوں کو ایک بار پھر ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

کویتی حکام کا کہنا ہے کہ ان حملوں کے نتیجے میں ایئرپورٹ پر شدید آگ بھڑک اٹھی ہے۔

یاد رہے کہ ٹھیک ایک ہفتہ قبل بھی اسی ایئرپورٹ پر ایسے ہی ایک حملے کے بعد لگنے والی آگ پر قابو پانے میں اٹھاون گھنٹے لگ گئے تھے۔

خلیج کے دیگر علاقوں میں بھی صورتحال کافی کشیدہ ہے جہاں دبئی کے ساحل پر خام تیل سے لدے ایک ٹینکر پر ڈرون حملہ کیا گیا، جبکہ دوحہ کے قریب بھی ایک بحری جہاز کو نشانہ بنانے کی اطلاعات ہیں۔

بحرین میں رات بھر خطرے کے سائرن بجتے رہے اور سعودی عرب کے مشرقی صوبوں، جہاں تیل کی پیداوار کے بڑے مراکز واقع ہیں، وہاں بھی ڈرون اور میزائل حملوں کی خبریں سامنے آئی ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles