
بھارت نے ایک نوجوان نے آن لائن رمی گیم میں اپنی والدہ کے کینسر کے علاج کیلئے جمع کی گئی رقم سے محروم ہونے پر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔
پولیس نے نوجوان کی شناخت آکاش کے طور پر کی، جو ایک کیٹرنگ ڈیلیوری ورکر تھا، متوفی نے کورونا وبا کے دوران آن لائن رمی (تاش کے پتوں کو ایک کھیل) کھیلنا شروع کی اور بعد میں اس کا عادی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق آکاش کچھ سال پہلے اپنے والد کی موت کے بعد کینسر کی مریضہ اپنی ماں اور اپنے بھائی کے ساتھ رہتا تھا۔
حال ہی میں، آکاش کی ماں نے پایا کہ 30,000 روپے جو اس نے اپنے کینسر کے علاج کے لیے بچائے تھے، غائب تھے۔ پوچھ گچھ پر آکاش نے اعتراف کیا کہ اس نے پیسے آن لائن گیم کھیلنے کے لیے استعمال کیے تھے۔
اپنی ماں اور بھائی کے ڈانٹنے کے بعد آکاش جمعہ کی شام اپنے گھر سے موبائل فون لے کر لاپتہ ہو گیا تھا۔
اہل خانہ نے اسے قریبی دوستوں کے گھروں میں تلاش کیا لیکن اس کا پتہ نہیں چل سکا۔
ہفتہ کی صبح آکاش کی لاش ان کی رہائش گاہ کی چھت سے ملی۔
چنئی کی کوٹوپورم پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ چار سالوں کے دوران تمل ناڈو میں 48 لوگوں نے آن لائن بیٹنگ ایپس اور آن لائن لون فراڈ کی لت کی وجہ سے خودکشی کی ہے۔
تمل ناڈو آن لائن گیمنگ اتھارٹی (TNOGA) نے اس سے قبل ریاست میں آن لائن جوئے اور بیٹنگ ایپس کو فروغ دینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا اعلان کیا تھا۔