
ایران جنگ کے اسٹاک مارکیٹس پر اثرات واضح نظر آنے لگے ہیں، پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے دوران شدید منفی رجحان دیکھا جا رہا ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز کے ساتھ ہی شدید مندی دیکھی گئی، جس کے نتیجے میں ہنڈریڈ انڈیکس 9453 پوائنٹس کی کمی سے 148,042 کی سطح پر آگیا۔ بدترین مندی کے باعث مارکیٹ کو وقتی طور پر ہولڈ کر دیا گیا اور کاروبار معطل کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اسٹاک ایکسچینج میں بدترین مندی کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس میں مجموعی کمی 12,343 پوائنٹس تک ریکارڈ کی گئی۔
کے ایس ای 30 انڈیکس بھی 3,133 پوائنٹس کم ہو کر 45,196 کی سطح پر پہنچ گیا، جبکہ منفی 6.93 فیصد کی کمی کے بعد ٹریڈنگ ایک گھنٹے کے لیے روک دی گئی۔
کاروبار کے دوبارہ شروع ہونے کے بعد بھی مندی جاری رہی اور ہنڈریڈ انڈیکس مزید 11,725 پوائنٹس کی کمی کے بعد 145,770 پر آگیا۔ بعد میں یہ انڈیکس 145,152 کی سطح تک نیچے آیا جبکہ 100 انڈیکس میں مجموعی کمی 7.84 فیصد تک پہنچ گئی۔
ماہرین کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں اس بدترین مندی کی بڑی وجوہات مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی، امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے اثرات اور تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ ہیں۔
خطے میں کشیدہ حالات کے باعث سرمایہ کار محفوظ اثاثوں کی جانب رجوع کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ نئی مانیٹری پالیسی میں شرح سود میں ممکنہ اضافے کے خدشات بھی کیپیٹل مارکیٹ پر منفی اثر ڈال رہے ہیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ موجودہ عالمی اور خطے کی صورتحال میں سرمایہ کار زیادہ محتاط ہو گئے ہیں، جس کی وجہ سے اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی دیکھنے میں آئی۔