چیٹ جی پی ٹی کا 5.4 ورژن متعارف: پچھلے تمام ماڈلز سے بہتر کارکردگی کا دعویٰ

امریکی کمپنی اوپن اے آئی نے اپنا جدید اے آئی ماڈل چیٹ جی پی ٹی 5.4 متعارف کروا دیا ہے، جو پیشہ ورانہ کاموں کو مؤثر انداز میں انجام دینے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ اس ماڈل کی خاص بات یہ ہے کہ یہ کمپیوٹر اور سافٹ ویئر کو براہِ راست استعمال کر سکتا ہے۔

اوپن اے آئی کے مطابق جی پی ٹی 5.4 کوڈ لکھنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے، جس کے ذریعے یہ کمپیوٹر کو کنٹرول کر سکتا ہے اور اسکرین شاٹس کے جواب میں کی بورڈ اور ماؤس کے احکامات دے سکتا ہے۔ یہ ویب براؤزر اور دیگر ٹولز یا اے پی آئیز کے ساتھ بھی بہتر انداز میں کام کرتا ہے۔

اوپن اے آئی نے اس کے ساتھ چیٹ جی پی ٹی 5.4 پرو بھی متعارف کرایا ہے، جو خاص طور پر پیچیدہ اور پیشہ ورانہ کاموں کے لیے زیادہ کارآمد ہے۔

نئے ماڈل کی مدد سے صارفین سپریڈشیٹس، پریزنٹیشنز اور دستاویزات میں بہتر کارکردگی دیکھ سکتے ہیں اور مختلف سافٹ ویئرز میں مؤثر طریقے سے کام مکمل کر سکتے ہیں۔ اس ماڈل میں ویب سرچ اور بڑے سیاق و سباق کی معلومات پروسیسنگ کی بہتر صلاحیت بھی شامل ہے۔

چیٹ جی پی ٹی 5.4 تھنکنگ ورژن صارفین کو جواب دینے سے پہلے سوچنے اور اپنی منطق سمجھانے کی اجازت دیتا ہے، اور دورانِ جواب ہدایات بدلنے کی سہولت بھی دیتا ہے۔

اس کے علاوہ یہ اسکرین شاٹس کے ذریعے انٹرفیس یعنی پروگرام کے مختلف حصوں کو پہچان سکتا ہے اور ماؤس و کی بورڈ کے آپریشنز بھی خود انجام دے سکتا ہے۔

چیٹ جی پی ٹی 5.4 نے پچھلے ماڈلز کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور 83 فیصد معاملات میں صنعتی پیشہ ور افراد کے برابر یا بہتر کارکردگی دکھائی اور کوڈنگ ٹیسٹ میں اپنے پچھلے ماڈل سے بہتر اسکور حاصل کیا۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ ماڈل حقائق کی بنیاد پر زیادہ درست معلومات فراہم کرتا ہے اور پچھلے ماڈلز کے مقابلے میں غلط معلومات دینے کا امکان کم ہے۔

چیٹ جی پی ٹی 5.4، پرو، ٹیم اور چیٹ جی پی ٹی پلس اب صارفین اور ڈویلپرز کے لیے اے پی آئی کے ذریعے دستیاب ہیں، جبکہ کمپنی نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ آنے والے مہینوں میں چیٹ جی پی ٹی تھنکنگ ورژن ختم کردیا جائے گا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles