پاکستان ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں کیسے پہنچ سکتا ہے؟

آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سپر ایٹ مرحلے کا میچ بارش کی نذر ہو جانے کے بعد گروپ میں ہر مقابلہ انتہائی اہم ہو گیا ہے۔ 

ہفتے کو سری لنکا کے شہر کولمبو میں ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کا اہم میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا۔

پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نےٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تاہم مسلسل بارش کے باعث میچ تاخیر کا شکار ہوا اور ایک بھی گیند پھینکی نہ جاسکی۔ بعد ازاں امپائرز نے میچ منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔

بارش کے باعث میچ منسوخ ہونے سے دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا جب کہ میچ بارش کی نذر ہو جانے کے بعد پاکستان کے لیے سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے اب ہر مقابلہ انتہائی اہم ہو گیا ہے۔

گروپ کی صورت حال

سپر ایٹ مرحلے میں پاکستان  گروپ ٹو میں سری لنکا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے ساتھ شامل ہے۔ بارش کے باعث میچ منسوخ ہونے کی وجہ سے پاکستان اور نیوزی لینڈ کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا ہے۔

سپر ایٹ میں پاکستان کا اگلا میچ 24 فروری کو انگلینڈ کے خلاف ہوگا جب کہ گرین شرٹس آخری مقابلہ میزبان سری لنکا سے کھیلے گی۔ گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات

اگر پاکستان نیٹ رن ریٹ پر انحصار کیے بغیر سیمی فائنل میں پہنچنا چاہتا ہے تو اسے اپنے باقی دونوں میچز انگلینڈ اور سری لنکا کے خلاف جیتنا ہوں گے، ان دونوں فتوحات کی صورت میں پاکستان کے 5 پوائنٹس ہو جائیں گے اور یوں گرین شرٹس کی سیمی فائنل میں رسائی تقریباً یقینی ہو جائے گی۔

دوسرے منظرنامے میں اگر پاکستان ایک میچ جیتتا ہے اور ایک ہارتا ہے تو پھر اس کی قسمت کا فیصلہ دیگر میچوں کے نتائج اور نیٹ رن ریٹ پر ہوگا تاہم اگر پاکستان اپنے دونوں باقی میچز ہار گیا تو وہ صرف ایک پوائنٹ کے ساتھ ٹورنامنٹ سے براہِ راست باہر ہو جائے گا۔

نیوزی لینڈ کے خلاف میچ منسوخ ہونے کے بعد صورت حال یہ ہے کہ اب گروپ کا ہر مقابلہ ناک آؤٹ کی حیثیت اختیار کر چکا ہے اور غلطی کی گنجائش نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے۔

یاد رہے کہ 22 فروری کو کھیلے گئے سپر ایٹ مرحلے میں گروپ ٹو کے میچ میں انگلینڈ نے میزبان سری لنکا کو باآسانی 51 رنز سے شکست دے کر پوائںٹس ٹیبل کو مزید دلچسپ بنادیا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles