سپر ایٹ: انگلینڈ کا سری لنکا کو جیت کے لیے 146 رنز کا ہدف

آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈکپ 2026 کے سپر ایٹ مرحلے میں انگلینڈ نے سری لنکا کو جیت کے لیے 146 رنز کا ہدف دے دیا۔

سری لنکن کپتان دسون شناکا نے کینڈی کے پالی کیلے اسٹیڈیم میں اتوار کے روز سپر ایٹ مرحلے کے اہم میچ میں ٹاس جیت کر انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

سری لنکن بالرز نے شروع سے ہی انگلش بیٹنگ لائن کو پریشان کیے رکھا۔ اوپنر جوس بٹلر سات رنز بنانے کے بعد چوتھے اوور میں وکٹ کھو بیٹھے۔

جیکب بیتھل 3، ٹام بینٹن 6 کپتان ہیری بروک 14 جب کہ سیم کرن 11 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

انگلینڈ کے اوپننگ بیٹر فل سالٹ نے 40 گیندوں پر 62 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کے اسکور میں نمایاں اضافہ کیا۔

سری لنکا کے دنیتھ ولالاگے نے 3 جب کہ مہیش تھکشانا اور دلشان مدوشناکا نے 2،2 آؤٹ کیے۔ دشمنتھا چمیرا ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔

انگلینڈ کے 146 رنز کے تعاقب میں سری لنکا کی بیٹنگ جاری ہے۔

واضح رہے کہ سری لنکا اور انگلینڈ گروپ ٹو میں شامل ہیں، جہاں ان کے ساتھ پاکستان اور نیوزی لینڈ بھی موجود ہیں۔

ہفتے کے روز پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جانے والا میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا۔

سپر ایٹ مرحلے کے اختتام پر ہر گروپ کی ٹاپ کی دو ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ سیمی فائنلز 4 اور 5 مارچ کو شیڈول ہیں، جس کے بعد ٹورنامنٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو جائے گا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles