
طورخم بارڈر پر کسٹمز حکام نے کارروائی کرتے ہوئے افغانستان سے پاکستان چاندی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ حکام کے مطابق ایک ٹرک کی تلاشی کے دوران اس کے ٹائر میں مہارت سے چھپائی گئی تقریباً 30 کلوگرام چاندی برآمد کی گئی۔
کسٹمز ذرائع کا کہنا ہے کہ مشتبہ ٹرک کو معمول کی چیکنگ کے دوران روکا گیا۔ تفصیلی تلاشی لینے پر ٹرک کے ایک ٹائر میں غیر معمولی وزن محسوس ہوا، جس پر اسے کھول کر دیکھا گیا تو اندر سے چاندی کے ٹکڑے برآمد ہوئے۔
حکام کے مطابق اسمگلرز نے چاندی کو ٹائر کے اندر اس انداز سے چھپایا تھا کہ بظاہر گاڑی میں کوئی غیر قانونی سامان موجود نہ لگے۔
برآمد کی گئی چاندی کی مالیت تقریباً 4 کروڑ 80 لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے۔ کسٹمز حکام نے موقع پر ایک ملزم کو گرفتار کر لیا، جس کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق گرفتار شخص سے پوچھ گچھ جاری ہے تاکہ اسمگلنگ نیٹ ورک کے دیگر ممکنہ افراد تک پہنچا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ طورخم بارڈر پر اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے چیکنگ کا نظام مزید سخت کیا گیا ہے۔ حالیہ کارروائی کو اسی سلسلے کی ایک کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔
کسٹمز حکام نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ سرحدی راستوں سے قیمتی دھاتوں اور دیگر اشیا کی غیر قانونی ترسیل کو روکنے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔