پاکستان کے معروف مزاحیہ شاعر انتقال کر گئے
سلمان گیلانی کے انتقال سے ادبی اور مذہبی حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کی لہر دوڑ گئی
پاکستان کے معروف مزاحیہ شاعر سید سلمان گیلانی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے، تاہم ان کی نمازِ جنازہ کے وقت اور مقام کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
خاندانی ذرائع کے مطابق کچھ عرصہ قبل سلمان گیلانی کا بائی پاس آپریشن ہوا تھا جس کے بعد ان کی طبیعت مکمل طور پر سنبھل نہ سکی۔
دورانِ صحت یابی انہیں نمونیا ہوگیا، جس کے باعث وہ کئی روز تک زیرِعلاج رہے اور بالآخر خالقِ حقیقی سے جا ملے۔
سلمان گیلانی اپنی منفرد اور دلکش شاعری کے باعث ادبی حلقوں میں نمایاں مقام رکھتے تھے۔ وہ مزاحیہ شاعری میں خاص شہرت رکھتے تھے اور اپنے مخصوص اندازِ پیشکش سے محفل کو زعفران زار بنا دیتے تھے۔
اس کے ساتھ ساتھ مذہبی شاعری بھی ان کی پہچان تھی۔ انہوں نے ختمِ نبوت، شانِ اہلِ بیت اور شانِ صحابہؓ پر متعدد اشعار کہے۔
ان کی لکھی ہوئی نعتیں ملک کے معروف نعت خواں حضرات نے اپنی آواز میں ریکارڈ کیں، جنہیں عوام میں بے حد پذیرائی حاصل ہوئی۔
سلمان گیلانی کے انتقال سے ادبی اور مذہبی حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے۔