پاکستان کے خلاف سازشوں کا جال بُننے والوں کو واضح پیغام مل چکا ہے: طارق فضل چوہدری


پاکستان کی جانب سے افغانستان کے مختلف علاقوں میں مبینہ فضائی حملوں کے بعد وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو واضح پیغام مل چکا ہے کہ یہ سرزمین کمزور نہیں بلکہ شہداء کے لہو سے مضبوط ہوئی ہے۔
طارق فضل چوہدری نے اتوار کو جاری اپنے بیان میں کہا کہ افغانستان میں بھارتی سرپرستی میں پلنے والے فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں پر پاک فضائیہ کی بروقت اور مؤثر کارروائی دراصل ان معصوم جانوں کا بدلہ ہے جو دہشتگردی کی نذر ہوئیں۔
ان کے مطابق یہ صرف ایک آپریشن نہیں بلکہ ان ماؤں کے آنسوؤں کا جواب ہے جنہوں نے اپنے بیٹوں کو وطن پر قربان کیا اور ان بچوں کے خوابوں کا دفاع ہے جو محفوظ پاکستان چاہتے ہیں۔
ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے مزید کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ضرور ہے لیکن اپنی سرزمین، عوام اور وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ جو بھی پاکستان کو کمزور سمجھنے کی غلطی کرے گا اسے سخت نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ”پاکستان کے ایک ایک کونے ایک ایک انچ کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا، ہر اس میلی آنکھ کو مٹا دیا جائے گا جو ریاست پاکستان کی طرف اٹھے گی“۔

افغان میڈیا اور مقامی ذرائع کے مطابق صوبہ پکتیکا کے ضلع برمل فضائی کارروائی کی گئی ہے جس سے مبینہ طور پر وہاں موجود انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا۔

رپورٹس کے مطابق پکتیکا میں کارروائی کے بعد صوبہ ننگرہار کے ضلع خوگیانی میں بھی حملے کی اطلاعات ہیں۔ اس کے علاوہ غنی خیل اور بحسود کے علاقوں میں بھی فضائی حملوں کی خبریں سامنے آئی ہیں۔
تاہم ان حملوں کے نتیجے میں ہونے والے ممکنہ جانی یا مالی نقصان کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔
دوسری جانب افغان میڈیا اور حکام کا دعویٰ ہے کہ ان حملوں میں درجنوں افراد مارے گئے ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles