اسلام آباد ہائیکورٹ کا این اے 48 کی الیکشن ٹربیونل کارروائی بھی روکنے کا حکم


اسلام آباد الیکشن ٹربیونل سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کا ایک اور بڑا حکم آگیا، عدالت نے این اے 47 کے بعد این اے 48 کی الیکشن ٹریبونل کی کارروائی بھی روکنے کا حکم دے دیا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے امیدوار علی بخاری کی درخواست پر سماعت کی تاہم علی بخاری اور دیگر وکلاء عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے اسلام آباد کے حلقہ این اے 48 سے پی ٹی آئی امیدوار علی بخاری کی درخواست پر حکم امتناع جاری کرتے ہوئے علی بخاری کی پیٹیشن کی حد تک الیکشن ٹربیونل کو کارروائی سے روک دیا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس میں کہا کہ این اے 46 کی حد تک الیکشن ٹربیونل کارروائی جاری رکھ سکتا ہے۔
عدالت عالیہ نے فریقین کو نوٹس جاری کرکے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا، کیس کی آئندہ سماعت رجسٹرار آفس مقرر کرے گا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کے حلقہ این اے 48 سے راجہ خرم شہزاد نواز رکن قومی اسمبلی بنے، علی بخاری نے خرم شہزاد نواز کی کامیابی کے خلاف اپیل سننے والے الیکشن ٹریبونل کو چیلنج کر رکھا ہے، جسٹس (ر) عبدالشکور پراچہ اسلام آباد کے تینوں حلقوں میں مبینہ دھاندلی کے خلاف اپیل سن رہے ہیں۔
الیکشن ٹریبونل نے اسلام آباد کے تینوں حلقوں سے متعلق کیس 24 دسمبر کے لئے مقرر کر رکھا ہے لیکن عدالت حکم کے بعد الیکشن ٹریبونل اب دو حلقوں این اے 47 اور 48 سے متعلق کاروائی آگے نہیں بڑھا سکے گا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles