ٹی 20 ورلڈ کپ: ویسٹ انڈیز سپر 8 کے لیے کوالیفائی کرنے والی دوسری ٹیم بن گئی

آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے 25 ویں میچ میں ویسٹ انڈیز نے نیپال کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر میگا ایونٹ میں مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرلی اور ساتھ ہی سپر 8 مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے والی دوسری ٹیم بن گئی ہے۔

بھارت کے شہر ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ سی کے میچ میں نیپال نے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 134 رنز کا ہدف دیا تھا۔

ہدف کے تعاقب ویسٹ انڈیز کی جانب سے برینڈن کنگ اور شائے ہوپ نے اننگز کا آغاز کیا۔ برینڈن کنگ 22 رنز بنا کر یادیو کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، شائے ہوپ 61 اور شمرون 46 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس طرح ویسٹ انڈیز نے نیپال کی جانب سے جیت کے لیے دیا گیا 134 رنز کا ہدف 15.2 اوورز میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

اس طرح ویسٹ انڈیز نے نیپال کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر ٹی 20 ورلڈ کپ میں مسلسل تیسری فتح اپنے نام کرلی اور 6 پوائنٹس کے ساتھ ویسٹ انڈیز کی ٹیم میگا ایونٹ کے سپر ایٹ مرحلے میں پہنچنے والی دوسری ٹیم بن گئی ہے۔ اس سے قبل جنوبی افریقا کی ٹیم بھی 3 میچز جیت کر سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے۔

ویسٹ انڈیز گروپ سی میں اب تک ناقابل شکست ہے، اس میچ سے پہلے کھیلے گئے دو میچز میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کو شکست دے چکی ہے جب کہ نیپال کو اس میچ سے پہلے کھیلے گئے دونوں میچز میں اٹلی اور انگلینڈ کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔

اس سے قبل بھارت کے شہر ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ سی کے میچ میں ویسٹ انڈیز نے نیپال کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

نیپال کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز بنائے۔ دیپندرا سنگھ نے نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 58 رنز کی اننگ کھیلی جب کہ سومپل کامی 26 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹر رہے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے سب سے کامیاب بولر جیسن ہولڈر رہے، جنہوں نے 27 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

نیپال کا اسکواڈ

نیپال کی ٹیم میںآصف شیخ (وکٹ کیپر)، کشال بھرتیل، روہت پاؤڈیل (کپتان)، دیپندر سنگھ ایری، عارف شیخ، لوکیش بام، گلشن جھا، کرن کے سی، سومپال کامی، نندن یادو اور سندیپ لامیچھانے شامل ہیں۔

ویسٹ انڈیز کا اسکواڈ

ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں برینڈن کنگ، شائی ہوپ (کپتان اور وکٹ کیپر)، شمرون ہیٹمائر، روومین پاول، شیرفین ردرفورڈ، میتھیو فورڈ، روسٹن چیز، جیسن ہولڈر، اکیل حسین، شمار جوزف، گڈاکیش موٹی شامل ہیں۔

دوسری جانب میگا ایونٹ کا سب سے بڑا مقابلہ روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان آج ہو رہا ہے۔ دونوں ٹیموں نے اپنے ابتدائی دو، دو میچز جیت چکے ہیں اور اس میچ میں فتح حاصل کرنے والے ٹیم اگلے مرحلے تک رسائی حاصل کر لے گی۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles