ٹی 20 ورلڈ کپ: پاکستان کا امریکا کے خلاف جارحانہ آغاز

آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے بارہویں میچ میں پاکستان کی امریکا کے خلاف جارحانہ بیٹنگ جاری ہے، قومی ٹیم نے 5 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 54 رنز بنالیے ہیں۔ صائم ایوب 19 اور صاحبزادہ فرحان 34 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

سری لنکا کے شہر کولمبو میں کھیلے جارہے ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ اے کے میچ میں امریکا کے کپتان مونانک پٹیل نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔

پاکستان نے آج کے میچ کے لیے پلیئنگ الیون میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے سلمان مرزا کی جگہ اسپنر عثمان طارق کو شامل کیا ہے جب کہ امریکا کی ٹیم میں علی خان کی جگہ پاکستان کے سابق فاسٹ بولر احسان عادل کو شامل کیا گیا ہے۔

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ ایک تبدیل کرتے ہوئے کوشش ہوگی امریکا کے خلاف بڑا اسکور کریں، کافی عرصے سے ہماری ٹیم اچھی کرکٹ کھیل رہی ہے۔

امریکی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ہم اچھی بولنگ کرکے پاکستان کو کم اسکور پر روکنے کی کوشش کریں گے، ہم نے گزشتہ میچ میں بھارت کے خلاف اچھی کرکٹ کھیلی۔

پاکستان کا اسکواڈ

سلمان علی آغا کی قیادت میں پاکستان ٹیم میں شامل کھلاڑیوں میں صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، بابر اعظم، عثمان خان، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، عثمان طارق اور ابرار احمد شامل ہیں۔

امریکا کا اسکواڈ

امریکی ٹیم میں کپتان موناک پٹیل، ایندریس گوس، شایان جہانگیر، ملند کمار، سنجے کرشناموتھی، شبھم رانجانے، ہرمیت سنگھ، محمد محسن، شیڈلے وین شواک ویک، احسان عادل اور سورابھ نیٹراوالکر شامل ہیں۔

واضح رہے پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں نیدرلینڈز کے خلاف سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی جب کہ امریکا کو بھارت کے خلاف اپنے پہلے میچ میں 29 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

پاکستانی ٹیم دوسرا میچ جیت کر گروپ میں پہلے نمبر پر آجائے گی جب کہ امریکا کے لیے اب یہ میچ ڈو اور ڈائی ہوگا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles