’ہماری ٹیم بہت مضبوط ہے‘، صدر ٹرمپ کا امریکی کرکٹ ٹیم کے نام پیغام

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں شامل امریکا کی ٹیم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری پیغام میں امریکا کی کرکٹ ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ انہیں ابھی ابھی معلوم ہوا ہے کہ بھارت میں کرکٹ ورلڈ کپ جاری ہے، ان کی نیک تمنائیں امریکی ٹیم کے لیے ساتھ ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا کی ٹیم بہت مضبوط ہے اور پوری قوم اپنی ٹیم کے ساتھ کھڑی ہے۔

واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں امریکا گروپ اے کا حصہ ہے، جہاں اس کا مقابلہ میزبان بھارت، پاکستان، نیدرلینڈز اور نمیبیا سے ہے۔

ٹورنامنٹ کے اپنے پہلے میچ میں امریکا نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان بھارت ٹیم کو سخت دباؤ میں ڈال دیا تھا اور ایک موقع پر بھارت کے 6 کھلاڑی صرف 77 رنز پر آؤٹ ہو گئے تھے۔

تاہم بھارتی ٹیم کی جانب سے کپتان سوریاکمار یادو نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 49 گیندوں پر ناقابلِ شکست 84 رنز اسکور کیے اور اپنی ٹیم کو 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز تک پہنچایا۔

جواب میں امریکا کی ٹیم میچ کے آغاز سے ہی دباؤ میں رہی اور پاور پلے کے دوران تین اہم وکٹیں کھو بیٹھی۔ اگرچہ مڈل آرڈر نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی تاہم امریکا کی ٹیم ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور بھارت نے میچ 29 رنز سے جیت لیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ٹی 20 ورلڈکپ میں امریکا کی ٹیم نے بڑا اپ سیٹ کیا تھا اور پاکستان کو شکست دے کر توجہ حاصل کی تھی۔ اسی ایونٹ میں امریکا کی ٹیم نے چار میں سے دو میچز جیتے اور پہلی بار سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا تھا، بعد ازاں اُسے ویسٹ انڈیز، جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles