امریکی اور چینی صدور کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ، مستقبل کے مذاکرات پر تبادلہ خیال

چینی سرکاری میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چین کے صدر شی جن پنگ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات اور مستقبل کے مذاکرات پر بات کی ہے۔

چین کے سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کے مطابق صدر شی جن پنگ نے بدھ کے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے فون پر بات چیت کی۔ اس کال میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے استحکام، عالمی مسائل اور مستقبل میں تعلقات کو آگے بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔

چینی سرکاری میڈیا نے گفتگو کے عین مواد یا دورانیے کی کوئی تفصیل جاری نہیں کی اور نہ ہی وائٹ ہاؤس نے فوری طور پر اس بارے میں تبصرہ کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق یہ کال صدر ٹرمپ کے ممکنہ اپریل 2026 میں چین کے دورے سے قبل ہوئی، جس کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنا اور تجارتی و سفارتی مسائل پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان آخری بار نومبر کے آخر میں ٹیلی فونک گفتگو ہوئی تھی، جس کے بعد صدر ٹرمپ نے چین کے ساتھ تعلقات کو ”انتہائی مضبوط“ قرار دیا تھا۔

یہ ٹیلی فونک رابطہ ایسے وقت میں ہوا جب چند گھنٹے قبل ہی چینی صدر نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ویڈیو لنک کے ذریعے بات چیت کی تھی۔ کریملن کے مطابق صدر پیوٹن نے شی جن پنگ کی جانب سے رواں سال کے پہلے نصف میں چین کے دورے کی دعوت قبول کرلی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال صدر ٹرمپ کی جانب سے عائد کردہ ٹیرف کے بعد امریکا اور چین کے درمیان تجارتی کشیدگی میں اضافہ ہوا تھا تاہم اکتوبر میں جنوبی کوریا میں دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے بعد ایک نازک تجارتی جنگ بندی طے پائی تھی، جس کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں قدرے استحکام آیا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles