
ایران کے ساحلی شہر بندر عباس میں ایک عمارت میں زور دار دھماکے کی اطلاع سامنے آئی ہے، جس کے نتیجے میں عمارت کی دو منزلیں تباہ اور متعدد گاڑیوں و دکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔
ایرانی سرکاری ٹیلی وژن کے مطابق دھماکا بندر عباس کے علاقے معلم بلیوارڈ میں واقع آٹھ منزلہ عمارت میں ہوا، جس سے عمارت کی دو منزلیں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں جبکہ آس پاس کھڑی کئی گاڑیاں اور قریبی دکانیں بھی نقصان کا شکار ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق دھماکے کے فوراً بعد ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر ایمبولینسوں کے ذریعے قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے ارنا نے صوبہ ہرمزگان میں کرائسس مینجمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل مہرداد حسن زادہ کے حوالے سے بتایا کہ دھماکے کی وجوہات کی تحقیقات جاری ہیں اور واقعے سے متعلق مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔