
کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں شدید آگ بھڑک اٹھی ہے۔ فائر بریگیڈ کی دس گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں جب کہ اسنارکل بھی موقع پر موجود ہے۔ آگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
کراچی کے علاقے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث پلازہ میں شدید دھواں پھیل گیا اور بھگدڑ مچ گئی۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ گل پلازہ کے میزنائن فلور پر لگی، جس کے شعلے دور سے نظر آئے۔
آگ کی اطلاع ملتے ہی کے ایم سی فائر بریگیڈ کی چھ سے زائد گاڑیاں اور اسنارکل موقع پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے کا عمل شروع کر دیا گیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق آگ نے کم از کم پانچ دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔
ریسکیو اداروں کا کہنا ہے کہ آگ سے جھلس کر دو افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، پلازہ میں بھگدڑ کے دوران چھ سے زائد افراد بھی زخمی ہوئے، جنہیں نکال کر فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق کئی افراد تاحال پلازہ میں پھنسے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔
چیف فائر آفیسر ہمایوں خان نے بتایا کہ آگ کی شدت زیادہ ہے، جس کے باعث اسے قابو میں لانے میں وقت لگ سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صورت حال کے پیش نظر مزید فائر بریگیڈ کی گاڑیاں بھی طلب کر لی گئی ہیں۔
ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں مشترکہ طور پر آگ پر قابو پانے اور پلازہ میں موجود افراد کو محفوظ نکالنے کی کوششیں کر رہی ہیں۔