افواج پاکستان کی ملٹی ڈومین آپریشنز کی بھرپور تیاریاں


افواجِ پاکستان نے بدلتے ہوئے جنگی تقاضوں کے مطابق ملٹی ڈومین آپریشنز کی بھرپور تیاریاں، فضا، زمین، سائبر اور الیکٹرانک محاذ پر ہمہ جہت تیاریوں کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ ان مشقوں کا مقصد جدید میدانِ جنگ میں مختلف محاذوں پر بیک وقت کارروائی کی صلاحیت کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
مشقوں کے دوران فضائی برتری حاصل کرنے، کثیرالمقاصد ڈرونز اور جدید ہتھیاروں کے ہم آہنگ استعمال کا جامع مظاہرہ کیا گیا۔ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے دشمن کی نقل و حرکت کی مسلسل نگرانی اور اس کی پیش قدمی کو ناممکن بنانے کی صلاحیت کو بھی جانچا گیا۔
فوجی ذرائع کے مطابق تباہ کن بمباری کے ساتھ ساتھ سائبر اور انفارمیشن آپریشنز کے ذریعے دشمن کی فیصلہ سازی کی صلاحیت کو مفلوج کرنے کی مشق بھی کی گئی۔
مشقوں میں پاکستان میں تیار کردہ جدید ہتھیاروں اور ڈرونز کو دوست ممالک سے حاصل کیے گئے سسٹمز کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے ساتھ استعمال کیا گیا، جو مشترکہ جنگی حکمتِ عملی کی واضح مثال ہے۔
یہ مشقیں جدید ٹیکنالوجی، انتہائی درست نشانہ بندی اور طاقتور فائر پاور کا عملی نمونہ ثابت ہوئیں، جن سے افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت اور تینوں مسلح افواج کے درمیان مکمل اشتراک نمایاں ہوا۔
دفاعی ماہرین کے مطابق یہ جنگی مشقیں اس امر کا واضح ثبوت ہیں کہ افواجِ پاکستان جدید جنگی تقاضوں کے مطابق ملٹی ڈومین آپریشنز کی منصوبہ بندی اور ان کے مؤثر عملی نفاذ کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles