پاکستان نے ایران جانے والوں کے لیے ٹریول ایڈوائزری جاری کردی


حکومت پاکستان نے ایران میں موجودہ صورتحال کے پیش نظر اپنے شہریوں کے لیے ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ ایران کے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ ایران میں موجود پاکستانیوں کو انتہائی احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا ہے کہ پاکستان نے ایران کے لیے باقاعدہ ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ ایڈوائزری کے مطابق پاکستانی شہری موجودہ حالات کے باعث ایران کے غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور صورتحال معمول پر آنے تک سفر مؤخر کر دیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ جو پاکستانی شہری پہلے سے ایران میں موجود ہیں وہ انتہائی احتیاط سے کام لیں اور اپنی نقل و حرکت محدود رکھیں۔ دفتر خارجہ کے مطابق ایران میں مقیم پاکستانی شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پاکستانی سفارتی عملے سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور اپنے شہریوں کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ایران میں جاری پرتشدد مظاہروں نے شدت اختیار کر لی ہے اور امریکی میڈیا کے مطابق ان واقعات کے دوران ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 217 ہو گئی ہے
مختلف شہروں میں ہونے والے احتجاج کے دوران سرکاری اور نجی املاک کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں، جن میں 26 بینک، 25 مساجد اور درجنوں فائر ٹرک شامل ہیں۔

بعض علاقوں میں پولیس اسٹیشنز پر حملے بھی کیے گئے، جس کے نتیجے میں کئی اہلکار زخمی ہوئے، جبکہ سیکیورٹی فورسز نے تقریباً ڈھائی ہزار افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ صورتحال کے پیش نظر ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس ایک بار پھر معطل کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب ایران میں موجودہ حالات کے باعث پاکستانی سفارت خانے نے شہریوں کی سہولت کے لیے کرائسس مینجمنٹ یونٹ قائم کر دیا ہے۔
تہران میں سفیرِ پاکستان مدثر ٹیپو کے مطابق پاکستانی شہریوں کی معاونت کے لیے چوبیس گھنٹے رابطہ ممکن ہے اور اس مقصد کے لیے متعلقہ عہدیداروں کے رابطہ نمبرز اور لینڈ لائن نمبرز بھی فراہم کر دیے گئے ہیں تاکہ ہنگامی صورت میں فوری مدد کی جا سکے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles