
جنوبی امریکہ میں سری نیم کے دارالحکومت پیراماریبو میں ہفتہ اوراتوار کی درمیانی شب ایک شخص نے تیز دھار آلے سے حملہ کرکے نو افراد کو قتل کر دیا، جن میں پانچ بچے بھی شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق حملہ آور نے پانچ بچوں سمیت مجموعی طور پر نو افراد کو ہلاک کردیا، جبکہ ایک شخص اور ایک بچہ زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ گرفتاری کے دوران ملزم نے تیز دھار آلے سے پولیس اہلکاروں پر بھی حملہ کیا، جس کے جواب میں افسران نے اس کی ٹانگوں پر گولیاں چلا دیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مزید تفصیلات کا انتظار کیا جا رہا ہے، جبکہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ حملے کے باعث علاقے میں خوف و ہراس کی فضا ہے، مقامی انتظامیہ نے صورتحال پر نظر رکھنے کا اعلان کیا ہے۔