
سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی 18 ویں برسی کی مرکزی تقریب گڑھی خدا بخش میں جاری ہے۔ بلاول بھٹو اس وقت اجتماع سے خطاب کررہے ہیں جبکہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور آصفہ بھٹو بھی اسٹیج پر موجود ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بینظیر بھٹو کی شہادت کو 18 سال گزر چکے ہیں، ہرسال چاروں صوبوں سے لوگ یہاں جمع ہوکر پوری دنیا کو پیغام دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری افواج نے بھارت کو جنگ کے میدان میں شکست دی، یہ جیت گڑھی خدابخش کی قربانیوں کے بغیر ناممکن ہوتی۔ کیونکہ گڑھی خدابخش کی قربانیوں سے ہی پاکستان ایٹمی قوت بنا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے چین سے جہاز منگوائے، ان ہی کے ذریعے بھارتی جہاز گرائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ چین سے دوستی کی بنیاد شہید ذوالفقار علی بھٹو نے رکھی اور شہید بینظیر بھٹو نے پاک چین دوستی کو مزید آگے بڑھایا، جبکہ صدر زرداری نے سی پیک کی بنیاد رکھی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت اپنی شکست کو تاحال ہضم نہیں کر سکا ہے اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا نام سنتے نریندر مودی چھپ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری افواج نے بھارت کا غرور خاک میں ملایا اور معرکۂ حق میں کامیابی پوری قوم کی کامیابی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پاکستان کے اندرونی مسائل کسی سے چھپے ہوئے نہیں، ملک کو سیاسی اور معاشی بحران کا سامنا ہے اور ہمیں ان بحرانوں سے ملک کو نکالنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمان نے 27ویں آئینی ترمیم بھی پاس کروائی، جس میں موجود متنازع شقوں کو نکلوایا گیا۔ بلاول بھٹو کے مطابق شہید بینظیر بھٹو نے آئینی عدالت بنانے کا وعدہ کیا تھا اور اس ترمیم کے ذریعے آئینی عدالت کا خواب پورا کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم وفاق کو درپیش تمام مسائل حل کرنا چاہتے ہیں، وفاق صوبوں سے حقوق چھینے کے بجائے مزید ذمہ داریاں دے۔ صوبے ٹیکس جمع کرکے وفاق کو درپیش معاشی مسائل حل کریں گے۔