9 مئی کے 2 مقدمات: پی ٹی آئی کے 4 مرکزی رہنماؤں کو 10، 10 سال قید کی سزا


لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں 9 مئی کے ایک اور مقدمے کا فیصلہ سنا دیا گیا۔ پی ٹی آئی رہنماؤں ڈاکٹر یاسمین راشد ،اعجاز چوہدری، میاں محمود الرشید اور عمر سرفراز چیمہ کودس، دس سال قید کی سزا سنادی گئی۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے گلبرگ میں پولیس کی گاڑیاں اور کلمہ چوک پر کنٹینر جلانے کے دو مقدمات کا فیصلہ سنا دیا۔
اے ٹی سی لاہورنے سانحہ نو مئی کے دو مقدمات کا کوٹ لکھپت جیل ٹرائل کیا، عدالت نے 9 مئی کو گلبرگ میں گاڑیاں جلانے اور کلمہ چوک کنٹینر جلانے کے مقدمے پر فیصلہ سنایا۔
کلمہ چوک کنٹینر جلانے کے مقدمے میں 37 اور گلبرگ میں پولیس گاڑیاں جلانے کے کیس میں 33 ملزمان کے خلاف فیصلہ سنایا گیا۔ عدالت نے کلمہ چوک کنٹینر جلانے کے کیس میں یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید کو دس دس سال قید کی سزا سنا دی۔

اے ٹی سی جج ارشد جاوید نے کوٹ لکھپت جیل میں فیصلہ سنایا۔ تھانہ نصیرآباد نے 36 ملزمان کا چالان عدالت میں پیش کیا تھا، میاں اسلم اقبال سمیت مقدمہ کے 12 ملزمان کو اشتہاری قرار دیا گیا۔
عدالت نے 9 مئی کو گلبرگ میں گاڑیاں جلانے کے کیس میں 20 ملزمان کو سزا سنائی جبکہ سجاول ندیم، زمان قادری ، شہروز، محمد کبیر، علی حسن سمیت پانچ ملزمان کو بری کر دیا۔
فیصلے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی رہنما یاسمین راشد کے وکیل رانا مدثر عمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج مقدمات معمول کی کارروائی کے لیے مقرر تھے، لیکن ان کیسز میں ہمیں مکمل دفاع کا موقع نہیں دیا گیا۔
رانا مدثرعمر نے مزید کہا کہ رات کے اس اندھیرے میں ایک بار پھر سزائیں سنائی گئیں، ہم ان سزاؤں کو اعلیٰ عدالتوں میں چیلنج کریں گے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles