ٹک ٹاکر زرق نذیر کی عبوری ضمانت منظور، کیس کی مزید تفتیش جاری
پاکستان آکر نیشنل سائبر انویسٹی گیشن ایجنسی کی تحقیقات کا سامنا کرونگا، ٹک ٹاکر کا موقف
ٹک ٹاکر زرق نذیر کی عبوری ضمانت منظور، کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔ سیشن کورٹ نے آن لائن ٹریڈنگ ایپس کی غیر قانونی پروموشن کے مقدمے میں عبوری ضمانت منظور کر لی۔
ایڈیشنل سیشن جج سلمان منصور قریشی نے عبوری ضمانت پر سماعت کی۔جس کے دوران عدالت نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کو ملزم کو 6 جنوری تک گرفتار کرنے سے روک دیا۔
عدالت نے زرق نذیر کو تفتیش میں تعاون کرنے کا حکم بھی دیا۔ جس کے بعد وہ اپنی قانونی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے کیس کے سلسلے میں متعلقہ اداروں سے تعاون کریں گے۔
این سی سی آئی اے کی جانب سے زرق نذیر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ جس میں الزام عائد کیا گیا کہ ٹک ٹاکر نے غیر قانونی طور پر آن لائن ٹریڈنگ ایپس کی پروموشن کی تھی۔
یہ معاملہ سائبر کرائم کے حوالے سے حساس نوعیت کا ہے اور اس پر مزید تحقیقات جاری ہیں۔
زرق نذیر کا موقف
دریں اثنا ٹک ٹاکر زرق نذیر نے کہاتھاکہ وہ نیشنل سائبر انویسٹی گیشن ایجنسی کی تحقیقات کا سامنا کریں گے۔
زرق نذیر نے امید ظاہر کی تھی کہ ایجنسی ان کے ساتھ منصفانہ سلوک کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ رجب بٹ اور ندیم نانی والا کی گرفتاری کا عینی شاہد ہیں۔
اس دوران دونوں کا فون تقریباً 48 گھنٹے تک بند رہا تھا۔ زرق نذیر نے یہ بھی کہا کہ پہلے انکوائری میں شامل نہ ہونے کی وجہ ان کا خوف تھا۔
انہیں بلیک میل یا تشدد کا سامنا ہو سکتا ہے، جیسا کہ ڈکی بھائی والے سلوک کے بارے میں اطلاعات تھیں۔
تاہم وہ پیر کو پاکستان واپس جانے کا ارادہ رکھتے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ندیم اور رجب کے ساتھ واپس آنا چاہتے تھے لیکن وہ بغیر اطلاع کے روانہ ہو گئے۔
کیس کا مستقبل
علاوہ ازیں زرق نذیر کی عبوری ضمانت کے باوجود کیس کی تفتیش اور قانونی کارروائیاں جاری ہیں۔ دیکھنا یہ ہے کہ این سی سی آئی اے کی تحقیقات کے دوران مزید کیا پیش رفت ہوتی ہے۔