2025 پاکستانی یوٹیوبرز کے نام؛ ہزاروں چینلز نے تاریخی سنگِ میل عبور کرلیا
پاکستانی یوٹیوبرز نے 2025 میں تاریخ رقم کردی۔
پاکستانی یوٹیوب تخلیق کاروں نے 2025 میں عالمی سطح پر غیر معمولی کامیابیاں حاصل کر کے ڈیجیٹل دنیا میں اپنی مضبوط موجودگی ثابت کردی ہے۔
یوٹیوب کے مطابق پاکستان میں 95 ہزار سے زائد چینلز نے 10 ہزار سبسکرائبرز کا سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق 13 ہزار سے زائد پاکستانی یوٹیوب چینلز ایسے ہیں جن کے سبسکرائبرز کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ ایک ہزار سے زیادہ پاکستانی چینلز ایک ملین سبسکرائبرز حاصل کرنے میں کامیاب ہو چکے ہیں۔
یوٹیوب کا کہنا ہے کہ پاکستانی مواد کا 60 فیصد سے زائد واچ ٹائم بیرونِ ملک ناظرین سے آرہا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی تخلیق کار عالمی ناظرین کے دل جیتنے میں کامیاب ہورہے ہیں۔
کنیکٹڈ ٹی وی پلیٹ فارمز پر پاکستانی لانگ فارم اور ہائی کوالٹی مواد کی مقبولیت میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ ڈرامہ ریویوز، فوڈ ولاگز، ٹریول شوز اور پوڈکاسٹس پاکستانی یوٹیوب کی پہچان بن چکے ہیں۔
اسی طرح ایجوٹینمنٹ مواد میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے، جس کے ذریعے مالی، معاشی اور سماجی آگاہی کو فروغ ملا ہے۔
یوٹیوب کے مطابق یہ پلیٹ فارم پاکستانی تخلیق کاروں کے لیے نہ صرف اظہار کا ذریعہ ہے بلکہ روزگار اور کاروباری مواقع کا ایک بڑا وسیلہ بھی بن چکا ہے۔
اعداد و شمار سے واضح ہوتا ہے کہ پاکستانی ڈیجیٹل مواد نے عالمی مارکیٹ میں اپنی مضبوط جگہ بنا لی ہے اور مستقبل میں اس ترقی کے مزید امکانات روشن ہیں۔